جاں بحق کانسٹیبل کی شناخت لیاقت علی کے نام سے ہوئی ،چوکی 48/2L میں تعینات تھا
کانسٹیبل لیاقت علی مبینہ طور پر غیر حاضری لگائے جانے پر دل برداشتہ تھا،لاش ہسپتال منتقل
اوکاڑہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پٹرولنگ پولیس کے کانسٹیبل نے مبینہ طور پر خود کو فائر مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ جاں بحق کانسٹیبل کی شناخت لیاقت علی کے نام سے ہوئی ہے جو چوکی پٹرولنگ 48/2L میں تعینات تھا۔ذرائع کے مطابق کانسٹیبل لیاقت علی کو مبینہ طور پر غیر حاضری لگائے جانے پر دل برداشتہ تھا۔ اسی رنج میں اس نے چوکی پٹرولنگ کے ایک کمرے میں خود کو بند کرکے مبینہ طور پر سرکاری اسلحہ سے خود کو فائر مار لیا۔ فائر کی آواز سن کر اہلکار موقع پر پہنچے تو کانسٹیبل خون میں لت پت پڑا تھا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کی جانب سے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ اصل حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔