لانگ مارچ موخر ہونے کے باوجود کنٹینرز کی تعداد میں اضافہ

 خیر آباد کے مقام پر جی ٹی روڈ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا،اٹک پل پر رکاوٹیں ہٹا دی گئیں:موٹروے پولیس
اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد میں خیر آباد کے مقام پر جی ٹی روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ذرائع موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون سے رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں ، موٹروے پر رکھی گئی ریت کی بوریاں ہٹا ئی جارہی ہیں جبکہ موٹروے ایم ون سے لوہے کی شیٹیں اور کنٹینر بھی ہٹا ئے گئے ہیں ۔ رکاوٹیں ہٹانے کے بعد موٹروے ایم ون بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی کال موخر کیے جانے کے بعد بھی اسلام آباد کے ریڈ زون کے اطراف کنٹینرز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں مگر سڑکوں کے قریب کنٹینرز بھی رکھے گئے ہیں۔ٹیکسلا میں پنجاب کے داخلی راستوں پر رکھے گئے کنٹینرز سائیڈ پر رکھ دیئے گئے ہیں جس کے بعد ٹریفک کی آمد و رفت معمول پر آ گئی۔علاوہ ازیں اٹک پل پر رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔