پاک بحریہ کا امن و سلامتی میں اہم کردار، زرداری، آبدوز فورس کی غیر معمولی آپریشنل تیاری بلند جنگی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے:شہباز شریف

کروز میزائل کا کامیاب تجربہ صدر،وزیر اعظم کی مبارکباد
 زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ آپریشنل تیاری اور قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت کے لیے ناگزیر ہے، پاک بحریہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پْرعزم ہے:سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف 
کراچی( آن لائن )پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی شمالی بحیرہ ہ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل، پی این ایس/ایم ہنگور نے طویل فاصلے تک مار کرنے والا اینٹی شپ کروز میزائل کامیابی سے فائر کیا اور میزائل نے مقررہ ہدف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے شمالی بحیرہ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کرلی، پی این ایس/ایم ہنگور نے طویل فاصلے تک مار کرنے والا اینٹی شپ کروز میزائل کامیابی سے فائر کیا، اینٹی شپ کروز میزائل نے مقررہ ہدف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس/ایم ہنگور کی پہلی لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا، کامیاب فائرنگ سے ہنگور کے ویپن سسٹمز اور جنگی تیاری کی توثیق ہوئی، ہنگور کی کامیاب فائرنگ پاک بحریہ کی زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں اہم سنگِ میل ہے، نیول چیف نے پی این ایس/ایم ہنگور کی جنگی صلاحیت اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے اس موقع پر کہا کہ زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ آپریشنل تیاری اور قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت کے لیے ناگزیر ہے، پاک بحریہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پْرعزم ہے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان بحریہ اور اس کی قیادت کو فلیٹ نئی شامل کی جانے والی آبدوز پی این ایس/ایم ہنگور کے پہلے کامیاب لائیو ویپن فائرنگ کے تجربے پر مبارکباد دی۔اینٹی شپ کروز میزائل کے ذریعے طویل فاصلے کے ہدف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانا پاکستان بحریہ کی آبدوز فورس کی غیر معمولی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور بلند جنگی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیر اعظم نے قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کی مکمل تیاری کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور پی این ایس/ایم ہنگور کی شمولیت اور آپریشنلائزیشن کے اس عمل سے وابستہ تمام عملے کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بھی سراہا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک بحریہ کی نئی آبدوز ہنگور کی پہلی کامیاب براہِ راست ہتھیاروں کی فائرنگ کے تجربے پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔صدرِ مملکت نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید جنگی صلاحیتوں سے لیس پاک بحریہ قومی بحری حدود کے تحفظ اور خطے کے امن و سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ملکی سمندری حدود کے مؤثر دفاع اور خطے میں امن کے قیام کے عزم کا عکاس ہے۔واضح رہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری رواں سال 30 اپریل کو چین کے شہر سانیا میں آبدوز ہنگور پاکستان کے حوالے کیے جانے کی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔