ہنگور کلاس آبدوز کی پاک بحریہ میں شمولیت کی تقریب چین کے شہر سانیا میں ہوئی جس میں صدر آصف علی زرداری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، ہنگور کی کمیشننگ کو پاک بحریہ کی جدت کے سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دے دیا
ہنگور کلاس آبدوز جدید ترین ہتھیاروں، سینسرز اور ایئر انڈیپینڈنٹ پروپلشن سے لیس ہے، جارحیت کو روکنے اور بحیرہ عرب میں اہم سمندری تجارتی گزرگاہوں کی سلامتی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی:نیول چیف نوید اشرف
پاکستان اور چین سدابہار اور تزویراتی شراکت دار ہیں، چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے:صدر آصف زرداری کی ہا ئینان قیادت سے ملاقات میں گفتگو‘ اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(آن لائن) پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ کی تقریب چین میں منعقد ہوئی۔ صدر آصف علی زرداری نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔صدر زرداری نے ہنگور کی کمیشننگ کو پاک بحریہ کی جدت کے سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے ایک مضبوط، متوازن اور قابلِ اعتماد دفاعی پالیسی برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، بحری مفادات کے تحفظ اور تجارتی گزرگاہوں کی سلامتی یقینی بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)کے مطابق اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ اہم بحری گزرگاہوں کا تعطل عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ اس تناظر میں ایک مستحکم اور عالمی قوانین پر مبنی بحری نظام کو برقرار رکھنے کے لیے جدید ترین بحری افواج ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جو جدید ترین ہتھیاروں، سینسرز اور ایئر انڈیپینڈنٹ پروپلشن سے لیس ہیں، خطے میں بحری استحکام کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ یہ آبدوزیں جارحیت کو روکنے اور بحیرہ عرب میں اہم سمندری تجارتی گزرگاہوں کی سلامتی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔نیول چیف نے کہا کہ ہنگور کا نام ہماری قومی تاریخ میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ 1971 کی پاک - بھارت جنگ میں، سابقہ 'ہنگور' دوسری عالمی جنگ کے بعد کسی بحری جہاز کو تباہ کرنے والی پہلی آبدوز تھی۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)کے مطابق آبدوز 'ہنگور' اس شاندار ورثہ کو آگے بڑھائے گی کیونکہ یہ پاک بحریہ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے جو ہمارے بحری دفاع کو مضبوط اور ہمارے بیڑے کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کرے گی۔پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور گہری دوستی کا ایک نیا باب ہے۔ دریں اثناء آصف علی زرداری نے اپنے دورہ چین کے دوران سانیا میں ہائینان کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں اقتصادی تعاون، تجارتی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر مملکت نے ہائینان کے پارٹی سیکرٹری فینگ فئی اور صوبائی گورنر لیو شیاومنگ سے ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کی اور امن، استحکام، مکالمے اور تعاون کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔صدر آصف علی زرداری نے ہائینان حکومت کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین سدابہار اور تزویراتی شراکت دار ہیں، جبکہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی کی جڑیں عوام میں پیوست ہیں اور اسے عوامی و ادارہ جاتی سطح پر بھرپور حمایت حاصل ہے۔