وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مساجد میں اعلانات کروائے جائیں گے تاکہ غیر قانونی افغان شہریوں کی شناخت میں مدد ملے۔ اس کے علاوہ، گھر، دکان، فیکٹری، ہوٹل، اور پیٹرول پمپ وغیرہ کو کرائے پر دینے کے حوالے سے روزانہ کی رپورٹ طلب کی گئی ہے، اور غیر ملکیوں کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔اجلاس میں پٹواری، نمبردار، اور متعلقہ ایس ایچ او کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہ متعلقہ علاقے میں غیر ملکیوں سے متعلق رپورٹ تیار کریں۔ تمام اضلاع میں فیلڈ سروے کروانے پر اتفاق ہوا ہے تاکہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا پتہ چلایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، غیر قانونی ویزہ یا داخلہ کے بغیر کام کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ چہرے سے شناخت کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے افغان باشندوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ خانیوال میں غیر قانونی افغان شہریوں کو پراپرٹی کرائے پر دینے پر 5 مقدمات درج کیے گئے ہیں، اور صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں 45 ہولڈنگ سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔ غیر قانونی افغان شہریوں کو قیام، طعام، اور طورخم بارڈر تک ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ان کا معاملہ جلد از جلد نمٹایا جا سکے۔