کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 20 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا اور مختلف مقامات پر تلاشی کارروائیاں کی گئیں۔ کارروائی کا مقصد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کی نشاندہی اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنا تھا۔پولیس حکام کے مطابق آپریشن کے دوران حراست میں لیے گئے افراد سے قانونی دستاویزات، شناخت اور قیام سے متعلق پوچھ گچھ جاری ہے۔ ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔