اسلام آباد / کوئٹہ:وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر آج بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کا ہنگامی دورہ کریں گے، جہاں انہیں خضدار میں ہونے والے افسوسناک دہشت گرد حملے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ دورہ خضدار میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کی جانب سے ایک اسکول کی بچیوں اور اساتذہ پر کیے گئے بہیمانہ حملے کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔دونوں اعلیٰ رہنما کوئٹہ میں سیکیورٹی حکام سے ملاقات کریں گے اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیں گے، جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے طلبہ اور اساتذہ کی عیادت بھی کریں گے۔
حساس نوعیت کے اس واقعے پر اظہار یکجہتی کے طور پر ایوان صدر اسلام آباد میں آج شام فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں رکھی گئی تقریب کو مؤخر کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق تقریب کو مؤخر کرنے کا فیصلہ خود فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر کیا گیا، تاکہ وہ متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لیے کوئٹہ جا سکیں۔
واضح رہے کہ حالیہ حملے کے بعد بلوچستان میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ حکومت اور عسکری قیادت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا جا رہا ہے۔