پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 12 کے آغاز کے لیے ممکنہ تاریخوں پر اتفاق کرلیا گیا ہے، تاہم فرنچائزز کو اعتماد میں لینے کے بعد حتمی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق براڈکاسٹر کی جانب سے پی ایس ایل 12 کا آغاز جنوری میں کرنے پر زور دیا گیا تھا، جس کی وجہ اسپانسر شپ کے حصول میں ممکنہ آسانی بتائی گئی، جبکہ فرنچائز مالکان اپریل کی ونڈو میں لیگ کے انعقاد کے خواہاں تھے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 19 مارچ سے لیگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ فائنل کے لیے 2 مئی کی تاریخ تجویز کی گئی ہے۔ فرنچائزز سے مشاورت کے بعد حتمی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔آئندہ سال رمضان المبارک کا آغاز 8 فروری کو متوقع ہے، جس کے باعث لیگ کا انعقاد عیدالفطر کے بعد ہوگا۔ تاہم پی ایس ایل 12 ایک بار پھر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے متصادم ہوگی، جس کا انعقاد 10 مارچ سے 15 مئی تک متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ برسوں میں بھی دونوں لیگز کے شیڈول میں ٹکراؤ رہا، تاہم اس کا پاکستانی لیگ پر نمایاں اثر نہیں پڑا۔ پاکستانی شائقین نے پی ایس ایل کو ترجیح دی جبکہ ٹی وی ریٹنگز بھی متاثر نہیں ہوئیں۔
حکام کو امید ہے کہ آئندہ سیزن میں بھی صورتحال ایسی ہی رہے گی۔بھارتی لیگ میں شرکت نہ کرنے والے کئی اہم غیر ملکی کرکٹرز پی ایس ایل میں شرکت کے لیے پاکستان آسکتے ہیں۔ پلیئرز آکشن کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی، تاہم بعض فرنچائزز نے پہلے ہی چند غیر ملکی اسٹارز سے رابطے شروع کردیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض اہم غیر ملکی کھلاڑی پہلی مرتبہ پاکستانی لیگ میں حصہ لیتے دکھائی دے سکتے ہیں۔ فی الحال معاملات سست روی کا شکار ہیں، تاہم لیگ کی تاریخوں کے اعلان کے بعد کھلاڑیوں سے رابطوں اور دیگر معاملات میں تیزی آنے کا امکان ہے۔ایونٹ کے وینیوز اور دیگر انتظامی تفصیلات بھی جلد طے کیے جانے کا امکان ہے