’’کمپرومائز کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ارکان نے کروڑوں ٹھکرائے‘‘؛ بیرسٹر گوہر

’’کمپرومائز کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ارکان نے کروڑوں ٹھکرائے‘‘؛ بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پارٹی ارکان پر بے پناہ دباؤ کے باوجود کسی نے بھی کمپرومائز نہیں کیا، کروڑوں روپے کی پیشکشوں کو ٹھکرا دیا گیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ "کمپرومائزڈ کا لفظ ہماری ڈکشنری میں نہیں ہے، ہمارے ارکان نے مشکل وقت میں صبر، استقامت اور قربانی کی مثال قائم کی ہے۔"انہوں نے بتایا کہ ہر رکن پر درجنوں مقدمات درج ہیں، کچھ کے خلاف 50، 50 کیسز ہیں، اس کے باوجود پارٹی چھوڑنے یا نظریے سے ہٹنے کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’’ایک طرف وزارتیں، قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ، اور مقدمات ختم کرانے کی پیشکش ہے، دوسری طرف تکلیفیں اور دربدری، لیکن ہمارے ارکان نے قربانی کو ترجیح دی۔‘‘انہوں نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کے بیشتر کارکن کرائے کے گھروں میں رہائش پذیر ہیں، مگر پھر بھی پارٹی سے وفاداری میں کوئی کمی نہیں آئی۔ ’’ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے، ہمیں اپنے ارکان پر فخر ہے،‘‘ انہوں نے کہا۔

پارلیمان میں رہنے کا فیصلہ
بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا کہ پارٹی پارلیمنٹ کا حصہ بنی رہے گی، تاہم ضمنی انتخابات کے معاملے پر حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

5 اگست کا احتجاج مؤثر قرار
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 5 اگست کا ملک گیر احتجاج کامیاب اور مؤثر تھا، اور ہر ضلع میں عوام نے باہر نکل کر یکجہتی کا اظہار کیا۔ ’’ہمیں عوامی حمایت پر فخر ہے،‘‘ انہوں نے کہا۔

ارکان کو ڈیوٹیاں سونپ دی گئیں
انہوں نے مزید بتایا کہ بونیر، صوابی، مالاکنڈ اور دیگر حلقوں میں پارٹی ارکان کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، اور جہاں کہیں بھی ارکانِ پارلیمنٹ کی ضرورت ہوگی، وہ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔