چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ رحیم یار خان میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو عالمی معیار کی مفت طبی سہولیات ان کے گھروں کے قریب فراہم کرنا پیپلز پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث معاشی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستان اس وقت ایک مشکل معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اس نوعیت کا معاشی بحران پہلے کبھی نہیں دیکھا۔انہوں نے سیاسی قیادت اور حکومت پر زور دیا کہ نفرت، تقسیم اور سیاسی انتقام کی سیاست سے نکل کر عوامی مسائل پر توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش معاشی مشکلات کم کرنے کے لیے ایسے منصوبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے جو عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچائیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کو یہ سمجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام معاملات باہمی رضامندی اور اتفاقِ رائے سے حل کیے جائیں۔ اگر جمہوری اور سیاسی طریقے سے مسائل کا حل تلاش کیا جائے تو ہر مشکل کا راستہ نکالا جا سکتا ہے، لیکن اگر سیاسی جماعتیں آپس میں لڑتی رہیں گی تو یہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ غریب عوام کو عالمی معیار کی طبی سہولیات مفت اور ان کے گھروں کے قریب فراہم کی جائیں تاکہ انہیں علاج کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر نہ کرنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ غربت انسان کے لیے سزائے موت بن جاتی ہے، کیونکہ وسائل کی کمی کے باعث غریب افراد اکثر ضروری علاج سے بھی محروم رہ جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گمبٹ سے کراچی تک گردوں کے امراض کا مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور ایس آئی یو ٹی کے ذریعے صحت کی سہولیات کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ رحیم یار خان میں نئے اسپتال کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس سے جنوبی پنجاب کے عوام کو علاج کی سہولیات اپنے علاقے میں میسر آسکیں گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ایسے منصوبوں کی ضرورت ہے جن سے عام آدمی کو براہِ راست فائدہ پہنچے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایس آئی یو ٹی اسپتال کی تکمیل سے گردوں اور دیگر متعلقہ امراض میں مبتلا مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔