سندھ کے وسائل کی منصفانہ تقسیم نہیں ہوتی، بلاول بھٹو زرداری

سندھ کے وسائل کی منصفانہ تقسیم نہیں ہوتی، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 11 جنوری 2025 کو کراچی میں ملیر ایکسپریس وے کے پہلے فیز کا افتتاح کیا، جس کا نام تبدیل کر کے شہید ذوالفقار علی بھٹو ایکسپریس وے رکھا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب میں بلاول بھٹو زرداری نے خود گاڑی چلا کر ایکسپریس وے کا معائنہ کیا اور 100 روپے ٹول ٹیکس بھی ادا کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ ملیر ایکسپریس وے پاکستان کا سب سے بڑا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبہ ہے، جس کی کل لمبائی 39 کلومیٹر اور لاگت 55 ارب روپے ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینا ہوگا، کیونکہ وسائل کی تقسیم میں سندھ کے ساتھ سوتیلی اولاد جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے سیوریج اور صفائی کے مسائل بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے حل کیے جائیں گے، اور نجی شعبے کو شراکت داری کے لیے ون ون سچویشن فراہم کرنا ہوگی۔بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ سنگین ہے اور سندھ حکومت کو اس پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم انتہا پسندی اور انتقام کی سیاست نہیں کرنا چاہتے، بلکہ مل کر محنت کرتے ہوئے کراچی کی ترقی کا بندوبست کرنا چاہتے ہیں۔

ماخذ