گندم کاشتکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، 100 ارب کے بلاسود قرضے دیں گے: مریم نواز

گندم کاشتکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، 100 ارب کے بلاسود قرضے دیں گے: مریم نواز

ویب ڈیسک: پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ گندم کے کاشتکاروں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیرِ صدارت زرعی ترقی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں محکمہ زراعت کے منصوبوں کے دوسرے مرحلے (فیز ٹو) کے آغاز کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب بھر کے کسانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانے اور زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے 100 ارب روپے کے بلاسود قرضے دینے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلاسود قرضوں کی فراہمی کا عمل شفاف اور آسان بنایا جائے گا تاکہ اصل حقدار کسانوں تک یہ سہولت فوری پہنچے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ماڈل ایگریکلچر مالز (Agriculture Malls) کو ملتان، سرگودھا اور بہاولپور میں جولائی کے اختتام تک مکمل فعال کیا جائے تاکہ کسانوں کو بیج، کھاد، زرعی مشینری اور دیگر ضروری اشیاء ایک چھت تلے دستیاب ہوں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ گندم کی آئندہ فصل سے قبل ایک نیا اور جامع زرعی منصوبہ متعارف کرایا جائے گا تاکہ کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، مارکیٹنگ، قیمتوں کے تحفظ اور فصلوں کی بہتر پیداوار کے لیے مکمل سپورٹ ملے۔وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ کاشتکاروں کی بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ پنجاب خوراک میں خود کفیل ہو سکے اور کسان خوشحال ہوں۔مزید یہ کہ حکومت کی پالیسی کے تحت زرعی اصلاحات اور امدادی پیکیجز کا دائرہ کار صوبے کے ہر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسان تک بڑھایا جائے گا۔