لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کردی۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ڈرون کے استعمال پر عائد پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔محکمہ داخلہ نے زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرونز کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت دینے کے لیے ضلعی سطح پر ’’سیف ڈرون یوزیج کمیٹی‘‘ بھی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی کی تحریری اجازت کی صورت میں ڈرون کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہوگا۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔ پنجاب بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔