کیٹ مڈلٹن نے بچوں کے اسمارٹ فونز پر پابندی عائد کر دی

کیٹ مڈلٹن نے بچوں کے اسمارٹ فونز پر پابندی عائد کر دی

برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اپنے بچوں کے اسمارٹ فونز کے استعمال پر سخت پابندی عائد کر دی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، کیٹ مڈلٹن نے اپنے تینوں بچوں—شہزادہ جارج، شہزادی شارلٹ اور شہزادہ لوئس— کے لیے اسمارٹ فون استعمال کرنے پر پابندی اس لیے لگائی ہے تاکہ انہیں سوشل میڈیا سے دور رکھا جائے اور ان کا اسکرین ٹائم کم کیا جا سکے۔ تاہم، اس فیصلے کی اصل وجہ شاہی جوڑے کی شادی کے ابتدائی سالوں سے منسلک پریشان کن مواد ہے، جس کا انکشاف ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، 2012ء کے ایک واقعے کا حوالہ دیا گیا ہے جب شاہی جوڑے کے فرانس کے ایک نجی دورے کے دوران کسی نے خفیہ طور پر تصاویر بنائیں اور بعد میں وہ تصاویر عالمی سطح پر تنازعہ کا سبب بنیں۔ اس واقعے کے نتیجے میں فرانسیسی پبلشر کے خلاف ایک بڑا عدالتی مقدمہ دائر کیا گیا اور اسے بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شاہی خاندان جانتے ہیں کہ وہ تصاویر اب بھی سوشل میڈیا پر موجود ہیں، اور وہ نہیں چاہتے کہ ان کے بچے وہ تصاویر دیکھیں۔

کیٹ مڈلٹن طویل عرصے سے بچوں کی ذہنی صحت کے تحفظ کے حق میں آواز بلند کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں ’رائل فاؤنڈیشن کے سینٹر فار ارلی چائلڈہوڈ‘ میں ایک مضمون جمع کروایا ہے، جس میں ضرورت سے زیادہ اسکرین ٹائم اور آن لائن مواد کے نوجوانوں کی ذہنی صحت پر منفی اثرات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔