پاکستان کے خلا بازوں کو چینی خلائی اسٹیشن پر مختصر مشن کی اجازت

پاکستان کے خلا بازوں کو چینی خلائی اسٹیشن پر مختصر مشن کی اجازت

چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلا بازوں کو اپنے خلائی اسٹیشن کے مشنز کے تحت ایک مختصر مدت کے مشن پر خلا میں بھیجے گا۔

یہ فیصلہ چین کے انسان بردار خلائی پروگرام (CMSA) کے ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ ترجمان کے مطابق، پاکستانی خلا باز چینی خلا بازوں کے ساتھ تربیت حاصل کریں گے اور مشن کے دوران سائنسی تجربات، آپریشنل سرگرمیاں انجام دیں گے۔رپورٹس کے مطابق، پاکستانی خلا باز عملے کے ساتھ معمول کے فرائض بھی انجام دیں گے، اور ان کا تجربہ چینی خلائی اسٹیشن پر تعاون اور سائنسی تحقیقات میں اضافے کا باعث بنے گا۔ یہ اقدام رواں سال مارچ میں سپارکو اور چین کی CMSA کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں پاکستان کے پہلے انسان بردار مشن کو چین کے خلائی اسٹیشن کے ذریعے بھیجنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا تھا کہ یہ معاہدہ چین کی طرف سے ایک قابل قدر اقدام ہے جو دونوں ممالک کے خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔ یاد رہے کہ 19 اکتوبر کو پاکستان کی خلائی ایجنسی سپارکو نے چین کے لانچ سینٹر سے پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ (HS-1) کامیابی سے خلا میں بھیجا تھا، جو زمین اور فضا کے باریک ترین رنگی بینڈز کا تجزیہ کرنے والی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، اور ماحولیاتی، زراعتی اور سائنسی تحقیق میں اہم کردار ادا کرے گا۔