موسمی تبدیلی کے اثرات دنیا بھر میں محسوس کیے جا رہے ہیں:سید مراد علی شاہ

موسمی تبدیلی کے اثرات دنیا بھر میں محسوس کیے جا رہے ہیں:سید مراد علی شاہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ موسمی تبدیلی کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو رہے ہیں۔

 گزشتہ ہفتے خیبر پختونخوا اور گلگت میں شدید بارشوں کے باعث 400 افراد ہلاک ہوئے جبکہ لاہور اور دیگر شہروں میں بھی شدید بارشوں سے شہری زندگی متاثر ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 200 ملی میٹر یا اس سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث بعض علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ نالوں کی صفائی راتوں رات نہیں ہوئی بلکہ سندھ حکومت نے پہلے سے تیاریاں کی ہوئی تھیں، اور میڈیا کی جانب سے یہ تاثر دینا کہ انتظامیہ غیر موجود تھی، غلط ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور خود کی حفاظت کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری انتظامیہ، بلدیاتی ادارے کا عملہ اور وہ خود سڑکوں پر موجود ہیں، شہریوں کی مدد کر رہے ہیں اور بارش کے پانی کی نکاسی کے کام میں مصروف ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ آج عام تعطیل ہے، لیکن کچھ لوگ پھر بھی سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں، اور اگر بارش مزید بڑھی تو انہیں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔سید مراد علی شاہ نے میڈیا کی رپورٹنگ پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ بارش کے دوران 14 انڈر پاسز میں پانی جمع ہونا معمول کی بات ہے، اور بارش رکنے کے بعد پانی نکال دیا جائے گا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ حکومت کی بھی کچھ کوتاہیاں ہوسکتی ہیں، لیکن مجموعی طور پر کام جاری ہے اور میڈیا نے عوام کو صحیح معلومات اور وژیولز فراہم کر کے درست کام کیا۔