چارسدہ میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون شوہر سمیت قتل، چار ملزمان فرار

چارسدہ میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون شوہر سمیت قتل، چار ملزمان فرار

چارسدہ میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی 18 سالہ خاتون لیلیٰ نور کو شوہر سمیت قتل کردیا گیا۔ پولیس نے دہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ تھانہ سرڈھیری کی حدود میں پیش آیا۔ مقتولہ لیلیٰ نور کو رواں سال 11 ستمبر کو چار ملزمان نے مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامزد ملزمان کے خلاف کارروائی کی اور تین ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں شامل تیمور کو عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد رہا کردیا گیا تھا۔ الزام ہے کہ رہائی کے بعد تیمور نے اپنے تین دیگر ساتھیوں کے ہمراہ لیلیٰ نور اور ان کے شوہر حارث خان کو قتل کردیا۔

واقعے کے بعد چاروں نامزد ملزمان فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ پولیس مختلف مقامات پر کارروائیاں کر رہی ہے تاکہ ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔پولیس کے مطابق مقتول حارث خان کے والد ایاز خان کی مدعیت میں دہرے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔