چارسدہ کے علاقے تنگی میں آٹھ سالہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل کے واقعہ پر خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین اراکین اسمبلی نے توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا ہے۔
اس نوٹس میں پیپلز پارٹی کی شازیہ طہماس، اے این پی کی خدیجہ، جے یو آئی کی ریحانہ اسماعیل، مسلم لیگ (ن) کی افشاں حسین اور سونیا حسین شامل ہیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ضلع چارسدہ میں پیش آنے والا یہ افسوسناک واقعہ عوام میں شدید غم و غصہ اور بے چینی کا سبب بنا ہے، اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس طرح کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔خواتین اراکین اسمبلی نے زور دیا ہے کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس کے لیے فوری اور سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔