ایرانی حملوں میں کویت میں ایک بھارتی شہری ہلاک، 10 کویتی فوجی زخمی

ایرانی حملوں میں کویت میں ایک بھارتی شہری ہلاک، 10 کویتی فوجی زخمی

کویت پر ایران کے حملوں میں ایک بھارتی شہری ہلاک جبکہ دس کویتی فوجی زخمی ہوگئے۔

کویتی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے اتوار کو میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ایک فوجی کیمپ پر متعدد میزائل گرے جس کے نتیجے میں دس کویتی فوجی زخمی ہوگئے۔ زخمی فوجیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ حملے سے کیمپ کو بھی نقصان پہنچا۔کویتی وزارتِ پانی و بجلی کے ترجمان کے مطابق ایران کی جانب سے جاری حملوں کے دوران پاور اینڈ واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کی ایک سروس بلڈنگ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک بھارتی شہری ہلاک ہوگیا اور عمارت کو نقصان پہنچا۔سعودی عرب نے کویت کے فوجی کیمپ اور بجلی و پانی صاف کرنے والے پلانٹس کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے بھی کویت کے فوجی کیمپ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے کویت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جی سی سی کے رکن ممالک کویت کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔