پاکستانی اداکار عمیر رانا نے اداکارہ درفشاں سلیم کے ساتھ کام کرنے کے تجربے اور ان کی شخصیت کے حوالے سے دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ درفشاں سلیم کے ساتھ کام کرنے سے کافی عرصہ پہلے سے ان کی واقفیت تھی کیونکہ اداکارہ ماضی میں ان کی اہلیہ کی طالبہ رہ چکی ہیں۔عمیر رانا نے یہ انکشاف ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، جہاں ان سے درفشاں سلیم کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں سوال کیا گیا۔ جواب میں انہوں نے اسے ایک شاندار تجربہ قرار دیا اور اداکارہ کی صلاحیتوں اور شخصیت کی تعریف کی۔اداکار کا کہنا تھا کہ درفشاں سلیم کو وہ پہلے سے جانتے تھے کیونکہ وہ ان کی اہلیہ کی شاگرد رہ چکی ہیں۔ اس وجہ سے انہیں اداکارہ کی شخصیت، خاندانی پس منظر اور مزاج کے بارے میں پہلے ہی کافی معلومات تھیں۔
عمیر رانا نے درفشاں سلیم کو تعلیم یافتہ، وسیع النظر، خوش اخلاق، محنتی اور اپنے کام سے مخلص اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنا خوشگوار تجربہ رہا۔انہوں نے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے دلچسپ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پوری کاسٹ نے سیٹ پر بہت اچھا وقت گزارا۔ انہیں اپنے ساتھی اداکاروں، خصوصاً بلال عباس کو مذاق میں تنگ کرنے میں خاصی دلچسپی تھی۔عمیر رانا کے مطابق جب بھی وہ بلال عباس کا مذاق اڑاتے تو درفشاں سلیم اپنی ہنسی پر قابو نہیں رکھ پاتی تھیں۔ بعض اوقات صورتحال ایسی ہو جاتی کہ ہدایت کار فاروق رند کو مداخلت کرکے انہیں روکنا پڑتا تھا۔