برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں اماراتی خاتون ڈاکٹر کے ساتھ چوری کی بڑی واردات پیش آئی، جہاں مبینہ طور پر دو افراد سیلفی لینے کے بہانے ان کے قریب آئے اور اس دوران تقریباً 12 لاکھ پاؤنڈ مالیت کے زیورات، قیمتی گھڑیاں اور دیگر سامان لے کر فرار ہوگئے۔
اماراتی خاتون ڈاکٹر کے مطابق واقعے میں دو عربی بولنے والے افراد ملوث ہیں، جنہوں نے سیلفی لینے کی درخواست کرکے ان سے رابطہ کیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اسی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کا قیمتی سامان چوری کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔خاتون ڈاکٹر کے مطابق چوری ہونے والے سامان میں مہنگے برانڈز کے ہینڈ بیگز، قیمتی گھڑیاں اور زیورات شامل ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 12 لاکھ برطانوی پاؤنڈ بتائی گئی ہے۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں بھی کروڑوں روپے بنتی ہے۔
واقعے کے بعد اماراتی خاتون ڈاکٹر نے لندن کے میئر صادق خان اور پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ واردات کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملوث افراد کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جائے۔خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کے حوالے کردی ہے تاکہ مشتبہ افراد کی شناخت اور گرفتاری میں مدد مل سکے، تاہم ان کے مطابق اب تک انہیں تحقیقات میں کسی واضح پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے لندن پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری اور چوری شدہ قیمتی سامان کی برآمدگی کے لیے تحقیقات تیز کی جائیں تاکہ انہیں انصاف مل سکے۔