ہانگ کانگ: سیلفی کا شوق ایک خطرناک واقعے کا باعث بن گیا جب طوفان "راگاسا" کے دوران سمندر کے کنارے تصویریں لے رہی دو خواتین اور ایک بچہ شدید لہروں کی زد میں آ گئے۔
طوفان راگاسا نے تائیوان، فلپائن اور جنوبی چین میں شدید تباہی مچانے کے بعد ہانگ کانگ کے ساحلی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پانی کے قریب کھڑے افراد اچانک بلند لہر کی زد میں آ کر لوہے کی باڑ سے ٹکرا گئے۔ خوش قسمتی سے تینوں بمشکل سنبھلے اور بچ گئے۔طوفان کی شدت کے باعث چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ میں لاکھوں گھر بجلی سے محروم ہوگئے، ہزاروں درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور کئی شہروں کی سڑکیں ندی نالوں میں بدل گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے کشتیوں کا استعمال کرتے ہوئے متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کی شدت کم ہو کر 40 میل فی گھنٹہ رہ گئی ہے، تاہم یہ ویتنام اور جنوب مشرقی ایشیا کے دیگر حصوں میں مزید بارشیں برسانے کا باعث بنے گا۔ ویتنامی حکومت نے ڈیمز، اسپتالوں اور ساحلی تنصیبات کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے ہیں جبکہ پروازیں منسوخ اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔یہ واقعہ سیلفی لینے کے دوران خطرات کو اجاگر کرتا ہے، خاص طور پر شدید موسمی حالات میں سمندر یا دیگر قدرتی مقامات کے قریب جانے سے احتیاط ضروری ہے۔