لاہور کے علاقے شرقپور روڈ پر واقع ایک میرج ہال میں شادی کی تقریب کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے زیورات چوری ہونے کا واقعہ پیش آیا، جس کی کلوز سرکٹ کیمروں نے مکمل ویڈیو ریکارڈ کر لی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق واردات گزشتہ رات اس وقت ہوئی جب بارات میرج ہال میں داخل ہوئی۔ ایک کم عمر لڑکا سوٹ پینٹ میں ملبوس ہو کر مہمانوں کے درمیان سے گزرتا ہوا اسٹیج کے قریب پہنچا اور قیمتی زیورات کا سیٹ چوری کر کے فرار ہو گیا۔واقعے کے دوران ہال میں موجود ایک شخص نے ملزم کا تعاقب بھی کیا، تاہم ملزم ایک سفید رنگ کی گاڑی میں بیٹھ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں ملزم کا ایک ساتھی بھی موجود تھا۔پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں اور یقین دلایا گیا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔