ڈی جی آئی ایس پی آر نے اسلام آباد کی شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی۔
یونیورسٹی آمد پر اساتذہ، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔خصوصی سیشن کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے قومی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی، جن میں انسداد دہشتگردی، خطے کی صورتحال اور انفارمیشن وارفیئر جیسے موضوعات شامل تھے۔ انہوں نے طلبہ کے مختلف سوالات کے تفصیلی اور مدلل جوابات بھی دیے۔نشست کے بعد شرکاء نے کہا کہ اس سیشن کے دوران متعدد ابہام دور ہوئے اور انہیں سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے اہم آگاہی حاصل ہوئی۔ شرکاء کے مطابق انہیں جعلی خبروں، منفی پروپیگنڈے اور ہائبرڈ وارفیئر جیسے خطرات کو سمجھنے میں مدد ملی۔
اس موقع پر شرکاء نے دفاعِ وطن کے لیے مسلح افواج کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ نوجوان نسل کو غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وائس چانسلر شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اقبال خان نے کہا کہ نوجوانوں کو ملک کے استحکام اور سلامتی کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔طلبہ اور اساتذہ نے اس موقع پر قومی سلامتی کے چیلنجز کے تناظر میں افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا اور سیشن کو ایک مثبت اور مؤثر اقدام قرار دیا۔