بال ٹیمپرنگ سکینڈل کی دوبارہ تحقیقات، کرکٹ آسٹریلیا نے بڑا قدم اٹھا لیا

فورم میں شرکت رضاکارانہ ہوگی اور کسی کو شرکت پر مجبور نہیں کیا جائے گا:کرکٹ آسٹریلیا
سڈنی (سپورٹس ڈیسک)کرکٹ آسٹریلیا نے 2018 کے دورہ جنوبی افریقا کے دوران پیش آنے والے واقعات اور اس کے بعد ہونے والی تحقیقات کا جائزہ لینے کے لیے
 انڈیپنڈنٹ فورم کے ٹی او آرز جاری کردیے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق انڈیپنڈنٹ فورم کی سربراہی آزاد بیرسٹر فیونا میکلیوڈ کریں گی، جنہیں حساس نوعیت کی تحقیقات اور قومی اہمیت کے معاملات میں 30 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ فورم میں 2018 کے دورہ جنوبی افریقا میں شامل تمام آسٹریلوی کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کو شرکت کی دعوت دی جائے گی جبکہ اس وقت کے کرکٹ آسٹریلیا کے عہدیداروں سمیت بورڈ ڈائریکٹرز بھی اپنا موقف پیش کرسکیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق فورم میں شرکت رضاکارانہ ہوگی اور کسی کو شرکت پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ شرکا ذاتی طور پر آن لائن یا تحریری بیانات اور متعلقہ دستاویزات کے ذریعے اپنا موقف پیش کرسکیں گے۔ انڈیپنڈنٹ فورم چھ ہفتوں تک کام کرے گا جبکہ فورم کو فراہم کی جانے والی تمام معلومات خفیہ رکھی جائیں گی۔ کرکٹ آسٹریلیا نے واضح کیا ہے کہ اس عمل کے نتیجے میں کسی کے خلاف ماضی کے واقعات پر کوئی پابندی یا سزا عائد نہیں کی جائے گی۔ آزاد بیرسٹر کی رپورٹ اور سفارشات مکمل طور پر شائع کی جائیں گی۔ کرکٹ آسٹریلیا بورڈ رپورٹ موصول ہونے کے 30 روز کے اندر اپنی سفارشات پر ردعمل اور آئندہ اقدامات کا اعلان کرے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ بون کا کہنا ہے کہ فیونا میکلیوڈ کی سربراہی میں قائم فورم تمام کھلاڑیوں اور اسٹاف کو محفوظ ماحول میں اپنا موقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔