کھلاڑی 8سال پرانے واقعے کی تفصیلات پر مسلسل بات کرتے رہے تو ان کیلئے مشکلات بڑھ سکتی ہیں
دہلی (سپورٹس ڈیسک)بھارت کے سابق آل رائونڈر عرفان پٹھان نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ بارڈر گواسکر ٹرافی 2027 کے لیے بھارت آنے پر سینڈ پیپر گیٹ سے متعلق سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ عرفان پٹھان نے حال ہی میں خصوصی پروگرام سینڈ پیپر گیٹ: دی ان سیٹلڈ ڈیبیٹ میں بطور مہمان شرکت کی۔پروگرام میں انہوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بال ٹیمپرنگ کا معاملہ دوبارہ منظرِ عام پر آنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی بھارت آمد پر خاصی بحث متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ 2018 کے واقعے میں شامل نہ ہونے والے نوجوان آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بھی اس تنازع کے حوالے سے سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہو گی۔سابق بھارتی کرکٹر نے آسٹریلوی ٹیم کو مشورہ دیا کہ وہ ماضی کے اس تنازع پر بار بار وضاحتیں دینے کے بجائے خاموشی اختیار کرے اور اپنی توجہ کرکٹ پر مرکوز رکھے۔انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑی 8 سال پرانے واقعے کی تفصیلات پر مسلسل بات کرتے رہے تو ان کے لیے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔عرفان پٹھان نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا اگر اب دوبارہ تحقیقات بھی کرے تو اس سے لوگوں کے ذہنوں میں موجود سوالات مکمل طور پر ختم نہیں ہوں گے اور یہ معاملہ آئندہ 10، 20 یا 30 سال تک زیرِ بحث رہ سکتا ہے۔انہوں نے سابق آسٹریلوی نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے مقف کا اظہار اسی وقت کرنا چاہیے تھا جب 2018 میں یہ واقعہ پیش آیا اور ان پر پابندی عائد کی گئی۔