بغیر بکنگ جانور منتقل کرنے پر7ہزار 690روپے جرمانہ، ریلوے ریونیو میں جمع
کراچی(آئی این پی )ریلویز پولیس نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے علامہ اقبال ایکسپریس کے پاور پلانٹ سے بغیر بکنگ منتقل کیے جانے والے دو کتے برآمد کر کے جانوروں کی غیر قانونی منتقلی ناکام بنا دی۔ریلویز پولیس کے مطابق رائیونڈ اسٹیشن پر ٹرین کی چیکنگ کے دوران پاور پلانٹ میں چھپائے گئے دو کتے پکڑے گئے، جنہیں بغیر بکنگ کراچی سے منتقل کیا جا رہا تھا اور کوٹ لکھپت اسٹیشن پر ایک شخص کے حوالے کیا جانا تھا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق پلانٹ آپریٹر محمد خان مبینہ طور پر پانچ ہزار روپے کے عوض ان کتوں کو غیر قانونی طور پر لے جا رہا تھا۔ریلویز پولیس نے پلانٹ آپریٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ بغیر بکنگ جانور منتقل کرنے پر 7 ہزار 690 روپے جرمانہ بھی وصول کر کے ریلوے ریونیو میں جمع کروا دیا گیا۔ریلویز پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریلوے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔