علامہ اقبال و سیالکوٹ ایکسپریس کے جنریٹر بند ہونا معمول

 گرمی اور حبس میں خواتین اور بزرگ مسافروں کو مشکلات کا سامنا ،نوٹس کامطالبہ 
 نارنگ منڈی (خصوصی رپورٹ) لاہور، نارووال، سیالکوٹ اور وزیرآباد سیکشن پر چلنے والی علامہ اقبال اور سیالکوٹ ایکسپریس کے جنریٹر بند ہونا معمول بن گیا ہے، جس کے باعث شدید گرمی اور حبس میں خواتین اور بزرگ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مسافروں نے بتایا کہ سیالکوٹ ایکسپریس رات کے اوقات میں اندھیرے میں چلتی ہے۔ لائٹیں بند ہونے سے خوف و ہراس پیدا ہوتا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا خدشہ رہتا ہے لیکن ریلوے حکام مسلسل نااہلی اور غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔کئی ماہ گزرنے کے باوجود سیالکوٹ ایکسپریس کے ٹکٹس جاری نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ نارنگ ریلوے سٹیشن سمیت مختلف سٹیشنز پر بکنگ کلرکس ٹکٹ گھر تاخیر سے کھولتے ہیں جس کے باعث متعدد مسافروں کو بغیر ٹکٹ سفر کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ جان بوجھ کر کیا جاتا ہے تاکہ مسافروں سے ٹرین میں زائد کرایہ وصول کیا جا سکے یا عملہ کو 50 روپے رشوت دے کر سفر کرنا پڑے۔مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔