مولانا فضل الرحمن نے ملک کو تشدد اور انتشار سے بچانے کیلئے خوداپنی گرفتاری دی
مولانا خواجہ خلیل احمد نے قائم مقام مرکزی امیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں :ترجمان
لاہور‘کوئٹہ‘کراچی(آئی این پی ) ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا ہے مولانا فضل الرحمن نے ملک کو خونریزی سے بچانے اور امن و امان کی خاطر بڑے فیصلہ کرتے ہوئے گرفتاری دی،مولانا خواجہ خلیل احمد نے قائم مقام مرکزی امیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔اپنے بیان میں اسلم غور ی نے کہا ڈی آئی جی لاہور نے مولانا فضل الرحمن کو واپس گھر جانے کا مشورہ دیا جسے انھوں نے مسترد کر دیا، بعد ازاں سی سی پی او لاہور آئے اور انہوں نے انہیں گرفتار کرنے کے احکامات سے آگاہ کیا۔ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے حکومتی عزائم کو بھانپتے ہوئے کارکنوں اور حکومتی ٹکرا ئوکے بجائے گرفتاری کو ترجیح دی، قائد جمعیت نے ملک کو تشدد اور انتشار سے بچانے کیلئے اپنی گرفتاری دی۔دریں اثناء مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر نماز جمعہ کے بعد متعدد شہرو ں میں احتجاج کیا گیا‘بلوچستان بار کونسل کی اپیل پر جمعیت علما اسلام کے رہنمائوں اور سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف صوبہ بھر میں عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیاگیا، وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے عدالتی امور ٹھپ ہوکررہ گئے ‘مولانا فضل الرحمن کی نظر بندی اور کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔پشاور اور دیگر شہروں میں بھی احتجاج کیا گیا