چارسدہ(آئی این پی ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے ادارے مفت کی تنخواہیں نہ لیں شیخ ادریس کے قاتلوں کو گرفتار کریں۔مولانا شیخ ادریس شہید کی رہائش گاہ پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخ ادریس کی جدائی امت مسلمہ کے لیے صدمہ ہے، پوری امت ان کی شہادت پر دکھی ہے، اللہ اپنی قدرت سے ظالموں سے شیخ ادریس کا انتقام لے گا، شیخ امن کی تلاش میں بدامنی کا شکار ہو گئے جس نے پوری زندگی امن کا پیغام دیا آج وہ سفاکیت کا شکار ہوگیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں اور اداروں سے مطالبہ ہے کہ مفت کی تنخواہیں نہ لیں، اداروں کا فرض ہے کہ شہید ادریس کے قاتلوں کو گرفتار کریں، آنے والے جمعہ کی نماز کے بعد ملک بھر میں شیخ ادریس کی شہادت کے خلاف مظاہرے کریں گے، آئندہ کا لائحہ عمل کراچی کے جلسے میں دوں گا۔