پنک سالٹ کی محفوظ صنعت کاری اور عالمی مارکیٹ تک رسائی کیلئے‘ سرمایہ کاروں کو سہولتیں دی جائیں گی‘روزگار کے10 ہزار ر مواقع پیدا ہوں گے
پنک سالٹ پر اب ’’میڈ اِن پاکستان‘‘لکھا جائے گا ‘اس کی پیکیجنگ، پراسیسنگ اور ڈیکوریشن پیسز کی عالمی برآمدات بڑھائی جائیں گی:وزیراعلی
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے قدرتی وسائل کو صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لیے بروئے کار لانے کے سلسلے میں چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا ڈیجیٹل اجرا کر دیا ہے۔ منصوبے کے تحت پنک سالٹ کی محفوظ صنعت کاری، ویلیو ایڈیشن اور عالمی مارکیٹ تک رسائی کے لیے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔تقریب کے دوران وزیراعلیٰ کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ پنجاب میں قائد آباد کے قریب 110 ایکڑ رقبے پر پنک سالٹ منرل پراسیسنگ زون قائم کیا جائے گا، جہاں 200 سے زائد یونٹس قائم ہوں گے۔ منصوبے میں تقریباً 150 ملین ڈالر سرمایہ کاری متوقع ہے جبکہ 10 ہزار افراد کے لیے براہ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بزنس فیسلیٹیشن سنٹر اور ماڈل ریٹیل آؤٹ لیٹ بھی قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب کو اللہ تعالیٰ نے دنیا کے بہترین پنک سالٹ ذخائر سے نوازا ہے، اب ان قدرتی وسائل کو جدید صنعت، روزگار اور برآمدات کے فروغ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنک سالٹ پر اب "میڈ اِن پاکستان" لکھا جائے گا اور اس کی پیکیجنگ، پراسیسنگ اور ڈیکوریشن پیسز کی عالمی برآمدات بڑھائی جائیں گی۔ قدرتی وسائل قوم کی امانت ہیں اور حکومت ان کی حفاظت اور شفاف استعمال کو یقینی بنائے گی۔