اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے میں نے کہا تھا رواں سال کے آخر تک شہبازشریف کی حکومت نہیں رہے گی اب شہبازشریف رہیں یا نہ رہیں پورا سسٹم ہی جا رہا ہے۔شاہد خاقان عباسی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا شہباز شریف محنتی ہیں لیکن وہ نہیں جانتے ملک کو آگے کیسے لیکر جانا ہے، غربت میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں۔ پٹرول اورڈیزل جتنا پاکستان میں مہنگا ہے اتنا کسی اور ملک میں نہیں، پٹرولیم کمپینوں کو فائدہ دیا گیا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا جو صوبے کی بات کر رہے ہیں وہ خاکہ تو سامنے رکھیں، بہت سے علاقوں میں شدت سے صوبوں کی حمایت موجود ہے کراچی میں صوبے کی حمایت موجود ہے۔ ٹیکس کا پیسہ انصاف کی بنیاد پر ہر شخص تک پہنچنا چاہیے اور اختیارات کو مقامی سطح تک لانا پڑے گا، آپ انتظامی یونٹ کہیں یا کچھ اور اختیارات نچلی سطح پر لانے ہوں گے صوبوں کی جومخالفت ہے وہ اصولوں کی بنیاد پر نہیں، ہر صوبائی حکومت اور وفاق میں کرپشن کی انتہا ہے۔