ملک معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے تو غربت میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے مجھے نہیں لگتا شہباز شریف 2027 تک وزیراعظم کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کا خاتمہ اور وہاں کے عوام کو ان کے جائز حقوق دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا اگر ملک معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے تو غربت اور بے روزگاری میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟ ان کے مطابق آئی ایم ایف کے قرضوں پر قائم نظام کو معاشی استحکام نہیں کہا جا سکتا۔ ملک میں حقیقی معاشی استحکام موجود نہیں، ان کی جماعت نجکاری کے حق میں ہے جبکہ بجلی اور گیس چوری کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سرکاری اداروں میں بدعنوانی جاری ہے اور موجودہ حکومت نے عوام کے مفاد میں کوئی مؤثر قانون منظور نہیں کیا۔