وزیرخزانہ اورنگزیب جو کرنا چاہتے ہیں کرنہیں پا رہے، میری وفاداری مسلم لیگ( ن )سے ضرور تھی مگر اولین ترجیح پاکستان ہے
بانی پی ٹی آئی سمجھتے تھے ان کے علاوہ تمام سیاستدان ناجائز ہیں، اس سے غیرسیاسی قوتیں مضبوط ہوئیں،سابق وزیر خزانہ کی گفتگو
کراچی(آئی این پی )عوام پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان کا ڈیفالٹ کرنا پاگل پن کی بات ہے، میری وفاداری مسلم لیگ (ن) سے ضرور تھی مگر اولین ترجیح پاکستان ہے۔کراچی میں ادب فیسٹیول میں معیشت سے متعلق سیگمنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرخزانہ نے کہا کہ ڈیفالٹ بہت مہنگا پڑے گا، کراچی میں پینے کا پانی اور لاہور میں صاف ہوا نہیں ملتی، اس حکمرانی سے پاکستان آگے نہیں بڑھے گا۔ان کا کہنا تھا میں نے آئی ایم ایف میں بھی نوکری کی ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ریفائینڈ آدمی ہیں مگر جو کرنا چاہتے ہیں کر نہیں پا رہے، پاکستان میں بجلی کی پیداوار بڑھ گئی ہے۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ گرمیوں میں بجلی کی ڈیمانڈ 31 سے 32 ہزار میگا واٹ اور سردیوں میں 11 ہزار میگاواٹ ہے، آئی پی پیز کو کپیسٹی پیمنٹ 18 روپے ہے اور یونٹ 70 سے زائد کا پڑتا ہے، اداروں کی نجکاری کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی ہوئی عوام کو کتنا فائدہ ہوا؟، نواز شریف اچھے آدمی ہیں، سیاست میں سب چاہتے ہیں کہ پاکستان آگے بڑھے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمجھتے تھے ان کے علاوہ تمام سیاستدان ناجائز ہیں، اس سے غیرسیاسی قوتیں مضبوط ہوئیں، پاکستان میں ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ہر پارٹی کو لگانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپورٹس کے لیے پاکستان میں ایک ڈالر بھی نہیں آ رہا، جو آتا ہے یہاں سے زیادہ کما کر چلا جاتا ہے، ایکسپورٹ نہیں کرتا۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پنجاب ایک ملک ہوتا تو دنیا کا 11واں، 12واں بڑا ملک ہوتا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پہلی نوکری ہے۔