مظاہرین تین دن میں اسلام آباد پہنچے،3 منٹ میں بھاگ گئے: ناصر شاہ

 انتشاری ٹولے کا کام صرف انتشار پھیلانا ، جو این آر او مانگ رہے تھے ایسا کچھ نہیں ہوگا،سینئروزیرسندھ
 سکھر (آئی این پی )سندھ کے سینئر وزیر سید ناصر شاہ نے کہا ہے کہ مظاہرین تین دن میں اسلام آباد پہنچے اور تین منٹ میں بھاگ گئے۔سکھر پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی حالات سب کے سامنے ہیں، انتشاری ٹولے کا کام صرف انتشار پھیلانا ہے، محسن نقوی کو خراجِ تحسین پیش کروں گا کہ تحمل سے اہم مسئلے کو حل کیا۔ناصر شاہ نے کہا کہ تین سے دس منٹ میں ریڈ زون کو خالی کرالیا گیا، جو رہنما اپنے لیڈر کو چھڑانے آئے تھے، کارکنان کو گرفتار کرا کے بھاگ گئے، انہیں صرف عدالتوں سے ریلیف مل سکتا ہے کسی دوسری صورت میں نہیں۔ پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ جو این آر او مانگ رہے تھے ایسا کچھ نہیں ہوگا، اگر یہ پی ٹی آئی پرامن بنے گی تب ان کے مسائل حل ہوسکیں گے، حکومت نے انہیں احتجاج کے لیے جگہیں بھی دینے کو کہا مگر میں نا مانوں والی بات ہے۔سید ناصر شاہ نے کہا کہ تاثر دے رہے تھے بانی جیل سے وزیراعظم ہائوس جا کر حلف لیں گے، ایسا کچھ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گمراہ نا کریں پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے۔