مسئلہ فلسطین مشرق وسطیٰ کے مسئلے کا بنیادی حصہ ہے، شی آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو نا چا ہئے، شی جن پھنگ
بیجنگ(یواین پی)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین مشرق وسطیٰ کے مسئلے کا بنیادی حصہ ہے اور بین الاقوامی عدل و انصاف سے متعلق ہے۔ اس وقت ہماری اولین ترجیح اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مکمل اور موثر طریقے سے عمل درآمد، جنگ بندی اور لڑائی کو جلد از جلد ختم کرنا اور خطے میں صورتحال کو آسان بنانا ہے۔بد ھ کے روز چینی صدر نے اقوام متحدہ کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ ایک اجلاس میں کہا کہ اس بات کا بنیادی راستہ یہ ہے کہ دو ریاستی حل پر عمل درآمد کیا جائے، مسئلہ فلسطین کے سیاسی تصفیے کو فروغ دیا جائے، 1967 ء کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔ شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے جائز قومی حقوق کی بحالی کے منصفانہ مقصد کی بھرپور حمایت کی ہے۔