خیبر پختونخوا کے سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کرنے والوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائیگا
اسلا م آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے امورکشمیر انجنیئرامیر مقام نے کہا ہے کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا یہ فائنل کال مسڈ کال ثابت ہو گی، ملک میں انتشار پھیلانے کی خواہشمند پی ٹی آئی اوراس کے لیڈرزمیں تقسیم درتقسیم عیاں ہے۔جاری بیان کے مطابق امیرمقام نے کہا کہ پنکی پیرنی کے مذموم عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ تحریک انتشارکا انقلاب فساد، تشدد جھوٹ اور خون خرابے کا دوسرانام ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ یہ ہردفعہ سیاسی احتجاج کے نام پر بلوے کرتے ہیں اور کارکنوں کو لاوارث چھوڑ کر جائے وقوعہ سے فرار ہو جاتے ہیں۔ پیرنی اورغنڈاپور کو معصوم لوگوں کے خون کا حساب دینا ہوگا۔ سیاسی جماعتیں ہمیشہ مزاحمت کی سیاست کی حمایت کرتی ہیں۔امیر مقام نے کہا کہ تحریک انتشارایک فاشسٹ جماعت ہے جنہوں نے ہمیشہ تشدد کا راستہ اپنایا۔ انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے حکمران سرکاری وسائل کے ساتھ تخریب کاریاں کرتے ہیں، یہ ریاست مخالف سرگرمیاں ناقابل معافی ہیں، خیبر پختونخوا کے سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کرنے والوں کو گریبان سے پکڑ کر ایک ایک پائی کا حساب لیا جائیگا۔