پی ٹی آئی کی آخری مسڈ کال شرمناک ناکامی پر ختم ہو گئی: رانا احسان

 قوم کی فلاح و بہبود کی بے توقیری کسی صورت مزید برداشت نہیں کی جائیگی ،وزیراعظم کوآرڈینیٹر
 اسلام آباد(آئی این پی )وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل خان نے پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں حالیہ احتجاجی کال کو فلاپ اورمس کال قرار د دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پی ٹی آئی کی بلیک میلنگ سیاست کا ایجنڈا تھا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے پی ٹی آئی پر قوم کو گمراہ کرنے اور ریاست کے خلاف بلیک میلنگ کے ہتھکنڈے استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی فلاح و بہبود کی بے توقیری کسی صورت مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے لیے مسلسل دروازے کھلے رکھے ہیں لیکن پی ٹی آئی ملک کی فلاح و بہبود کے کسی بھی ایجنڈے پر سنجیدہ بات چیت پر آمادہ نہیں ، پارٹی نے ہمیشہ بانی پی ٹی آئی کے لیے این آر اوکے حصول پر توجہ دی ہے جو ان کی خود غرضی اور مفادات کا واضح اشارہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں رانا احسان نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جان بوجھ کر ملک کو عدم استحکام اور مہنگائی کی جانب دھکیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کی قیادت میں حکومت نے مہنگائی پر کامیابی سے قابو پالیا ہے اور عوام ایک اہم مثبت تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔