ماڈل ٹائون کے بعد سانحہ ڈی چوک حکومت کے ماتھے کا جھومر بن گیا:بیرسٹر سیف

 جعلی اور ظالم حکومت نے 18اور 20سال کے نوجوانوں کے سروں میں گولیاں اتاریں
 حکومت ظلم کرکے بھی ہارگئی ،پی ٹی آئی ظلم برداشت کرکے بھی جیت گئی،صوبائی مشیر اطلاعات

 پشاور(آئی این پی )صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ حکومت نے ظلم اور بربریت کی ایک اور داستان رقم کی، ماڈل ٹائون کے بعد سانحہ ڈی چوک بھی جعلی حکومت کے ماتھے کا جھومر بن گیا،ظلم اور جبر کے بعد عطا تارڑ کی پریس کانفرنس یزیدیت کی نئی مثال ہے جس پر پی ٹی آئی کو فوری طور پر سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا چاہیے۔ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت ظلم کر کے ہار گئی اور پی ٹی آئی ظلم برداشت کر کے جیت گئی، ماڈل ٹائون کے بعد سانحہ ڈی چوک بھی جعلی حکومت کے ماتھے کا جھومر بن گیا، ایسا ظلم کیا گیا ہے جب تاریخ لکھی جائے گی تو قلم بھی کانپ جائے گا، ظلم ہمیشہ خوفزدہ لوگ کرتے ہیں،نہتے کارکنوں پر گولیاں برسانا خوفزدہ ہونے کا ثبوت ہے، جعلی اور ظالم حکومت نے 18اور 20سال عمر کے نوجوانوں کے سروں میں گولیاں اتاریں۔مشیر کے پی کا کہنا تھا کہ ظلم اور بربریت کے ذریعے عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا ہے، حکومت ماتم کے بجائے جشن منا رہی ہے، پی ٹی آئی کو فوری طور پر سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا چاہیے، خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بھی بلا رہے ہیں۔