عید الاضحی:صفائی پلان کی منظوری

عید چھٹیوں کے دوران صفائی کمپنیوں اور میونسپل اداروں کا سٹاف ڈیوٹی پر رہے گا ، مرکزی کنٹرول روم مانیٹرنگ کریگا
لاہور (خصوصی رپورٹ) وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی بذریعہ ویڈیو لنک صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس کے دوران عید الاضحی کیلئے صفائی پلان اور کیٹل پوائنٹس کے انتظامات کی منظوری دے دی گئی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا عید الاضحی کی چھٹیوں کے دوران ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور میونسپل اداروں کا متعلقہ سٹاف ڈیوٹی پر حاضر رہے گا۔ سول سیکرٹریٹ میں قائم مرکزی کنٹرول روم مسلسل پورے صوبے میں صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کریگا۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز کیٹل پوائنٹس اور فیلڈ کے دورے کریں۔ قربانی کی الائشوں کو کسی وقفے کے بغیر ٹھکانے لگایا جائے۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں شہریوں میں ماحول دوست ویسٹ بیگز تقسیم کریں گی۔ عارضی ویسٹ کولیکشن پوائنٹس کو فوری خالی کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے یہ ہدایت بھی کی کہ ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شہریوں کی شکایات پر بلاتاخیر ایکشن لے کر کنٹرول روم کو رپورٹ بھجوائی جائے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے بتایا امسال بھی کیٹل پوائنٹس نو پرافٹ، نو لاس کے تحت قائم کئے جائیں گے۔