پشاور:خیبر پختونخوا میں گزشتہ روز شدید آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں خاص طور پر صوابی اور نوشہرہ میں دو افراد جان بحق اور 63 زخمی ہوگئے۔
صوبے کے متعدد اضلاع میں چھتیں گر گئیں، دیواریں منہدم ہو گئیں، سائن بورڈز، درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے کے واقعات پیش آئے۔ کئی سڑکیں تالاب میں تبدیل ہو گئیں جبکہ بجلی کے 113 فیڈرز ٹرپ ہو گئے جس سے کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔تیز آندھی، موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے باعث فصلیں اور پھل دار باغات بھی شدید متاثر ہوئے۔پاکستان موسمیاتی ادارے (پی ایم ڈی) کی طرف سے 27 مئی 2025 کو خیبر پختونخوا کے بالائی اور وسطی علاقوں میں شدید بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیش گوئی پہلے ہی جاری کی گئی تھی جس کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات کرنے کے لیے مراسلہ بھیجا گیا تھا۔گزشتہ روز تیز آندھی، بارش اور ژالہ باری سے پشاور، مردان، خیبر، صوابی، سوات، ایبٹ آباد، ہری پور اور دیگر بالائی علاقے متاثر ہوئے۔
پشاور کے علاقے حیات آباد میں گھروں پر نصب سولر پینلز اکھڑ گئے جبکہ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کی فائبر شیٹ کی چھت لوہے کے فریم سمیت گر کر زمین بوس ہوگئی۔اسپورٹس کمپلیکس کے قریب گرنے والے سائن بورڈ کی وجہ سے دو ٹیکسی بھی تباہ ہو گئیں، تاہم گاڑیاں خالی ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری جانب صوبے کے بیشتر علاقوں میں آج کا موسم جزوی ابر آلود اور گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم چترال، دیر، کوہستان، شانگلہ، سوات، بونیر، مالاکنڈ، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان اور مانسہرہ میں کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
اسی طرح ایبٹ آباد، بالاکوٹ، نوشہرہ، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، لکی مروت، ہنگو، کرک، باجوڑ اور خیبر میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
صوبے کے میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش پشاور شہر میں 12 ملی میٹر اور پشاور ایئرپورٹ پر 21 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ چترال میں ایک ملی میٹر، دیر لوئر میں 8 ملی میٹر، دیر اپر میں 2 ملی میٹر، میر کھنی میں 6 ملی میٹر، کالام میں 5 ملی میٹر اور بالاکوٹ میں 18 ملی میٹر بارش ہوئی۔