پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آندھی، بارش اور مختلف حادثات کے نتیجے میں چھتیں، دیواریں اور درخت گرنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 24 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 پنجاب کے ترجمان فاروق احمد کے مطابق مختلف اضلاع میں شدید موسمی صورتحال کے باعث متعدد حادثات رپورٹ ہوئے۔فیصل آباد میں آندھی اور بارش کے دوران دیواریں اور چھتیں گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے، جن میں ایک 13 سالہ بچے حیدر علی کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے۔ دیگر واقعات میں درخت گرنے سمیت کئی حادثات رپورٹ ہوئے۔لاہور میں بھی آندھی و بارش کے باعث درخت، شیڈ اور بل بورڈ گرنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔ بادامی باغ کے قریب درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ رنگ محل کے علاقے میں شیڈ گرنے سے ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔
ڈی جی خان میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے، جبکہ جھنگ اور مظفر گڑھ میں بھی مختلف حادثات کے دوران شہری زخمی ہوئے۔ننکانہ صاحب میں دیوار گرنے کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا۔ریسکیو حکام کے مطابق تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم میں احتیاط کریں اور ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔