محکمہ موسمیات کی پیش گوئی: سندھ میں ہلکی بارش، کراچی میں شدید گرمی اور نمی برقرار رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی: سندھ میں ہلکی بارش، کراچی میں شدید گرمی اور نمی برقرار رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات نے آج سندھ کے مختلف اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

 خاص طور پر گھوٹکی، کشمور، شکارپور کے چند علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں، جبکہ خیرپور، حیدرآباد، میرپورخاص، بدین اور تھرپارکر میں بھی آج ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ تین دنوں کے دوران کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ خاص طور پر کل کراچی میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور موسم انتہائی گرم و خشک ہو سکتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے ساتھ نمی کی زیادہ مقدار کی وجہ سے حقیقی درجہ حرارت سے کہیں زیادہ گرمی محسوس ہوگی۔

صوبے کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسم گرم، بہت گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ شہریوں کو گرمی کی شدت سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ بارش کے باعث مقامی علاقوں میں عارضی طور پر درجہ حرارت میں کمی آ سکتی ہے، لیکن مجموعی طور پر سندھ کا موسم گرم اور خشک ہی رہے گا۔