ہالی ووڈ کی مشہور اور لازوال فلم سیریز ہیری پوٹر اب ایک نئے انداز میں چھوٹی اسکرین پر پیش کی جائے گی۔
ایچ بی او نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ وہ ہیری پوٹر کی دنیا پر مبنی ایک ٹی وی سیریز بنا رہا ہے جس میں مرکزی کرداروں کے لیے بالکل نئے اداکار منتخب کیے گئے ہیں۔ٹی وی سیریز میں ہیری پوٹر کا کردار ڈومینک میکلافلن ادا کریں گے، ہرمائینی گرینجر کا کردار اربیلا اسٹینٹن نبھائیں گی، اور رون ویزلی کے لیے السٹر اسٹیوٹ کو چنا گیا ہے۔ ایچ بی او نے انسٹاگرام پر تینوں نوجوان اداکاروں کا شاندار استقبال کیا اور انہیں ہاگوارٹس میں داخلہ دینے کی خوشخبری سنائی۔اس پروجیکٹ کے لیے عالمی سطح پر گزشتہ سال 30 ہزار سے زائد بچوں نے آڈیشن دیے، جن میں سے یہ تینوں خوش نصیب اداکار منتخب ہوئے۔ سیریز کے شو رنر فرانسسکا گارڈنر اور ہدایتکار مارک میلڈ نے ان نوجوان اداکاروں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں مرکزی کرداروں کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔نئی نسل کے ساتھ ساتھ اس پروجیکٹ میں کئی تجربہ کار اداکار بھی شامل ہیں جن میں جان لیتھگو بطور پروفیسر ڈمبلڈور، جینیٹ میکٹیئر بطور پروفیسر مکگونگل، پاپا ایسیڈو بطور پروفیسر اسنیپ، نک فراسٹ بطور ہیگرڈ، لوک تھیلن بطور پروفیسر کوئریل، اور پال وائٹ ہاؤس بطور فلچ شامل ہیں۔
یہ ٹی وی سیریز جے کے رولنگ کے مشہور ناولوں پر مبنی ہوگی اور خود جے کے رولنگ اس میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کی حیثیت سے شامل ہیں۔نوجوان اداکاروں کے کیریئر کی بات کی جائے تو، السٹر اسٹیوٹ کا یہ پہلا بڑا پروجیکٹ ہے، ڈومینک میکلافلن نے کامیڈی سیریز Grow میں کام کیا ہے، جبکہ اربیلا اسٹینٹن ویسٹ اینڈ کے میوزیکل میٹیلڈا میں نمایاں رہیں۔ریلیز کی تاریخ ابھی جاری نہیں کی گئی، مگر یہ سیریز جلد ہی ایچ بی او میکس پر نشر ہوگی اور مداح بے صبری سے اس جادوئی دنیا کی نئی کہانی کے آغاز کا انتظار کر رہے ہیں۔