ویب ڈیسک: پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بنگلادیش کے خلاف میچ سے پہلے پریس کانفرنس میں اپنی ٹیم کی حکمت عملی اور تیاریوں کے بارے میں گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ بنگلادیش کی فاسٹ بولنگ اچھی ہے اور ٹیم نے ہر کھلاڑی کے خلاف خاص پلان بنایا ہے، خاص طور پر کوشش ہوگی کہ لٹن داس کو زیادہ رنز بنانے سے روکا جائے۔سلمان علی آغا نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں کوئی سیریز آسان نہیں ہوتی اور بنگلادیش کی ٹیم مضبوط حریف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی، بابراعظم اور رضوان کی اہمیت اب بھی برقرار ہے اور سفیان مقیم کو خاص پسند کیا جاتا ہے جو وائٹ بال کرکٹ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ لاہور کی کنڈیشنز کے مطابق ٹیم میں ایک فاسٹ بولر زیادہ شامل کیا گیا ہے۔کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کا ایک مضبوط پلیئرز پول بنانے کا ارادہ ہے جس میں 20 سے 25 کھلاڑی شامل ہوں گے تاکہ کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی اچھی فارم کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ سلیکشن مشکل ضرور ہے لیکن ایسی ٹیم بنائیں گے جو میچز جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔
سلمان علی آغا نے واضح کیا کہ ٹیم میں نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا توازن برقرار رکھا جائے گا اور دنیا بھر میں جو ماڈرن کرکٹ کھیلی جا رہی ہے، ہم بھی اسی طرز کی جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ نڈر کھیل کے ساتھ ساتھ محتاط حکمت عملی بھی اختیار کی جائے گی تاکہ انٹرنیشنل سطح پر اچھی کارکردگی دکھائی جا سکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ انٹرنیشنل پرفارمنس کو مدنظر رکھنا ضروری ہے اور صرف پی ایس ایل کی بنیاد پر ٹیم کا انتخاب نہیں کیا جائے گا بلکہ وہ کھلاڑی منتخب ہوں گے جو بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔