برما و کمبوڈیا کے جنگلات میں 10ہزار پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں:وزارت داخلہ

قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق نے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سے رپورٹ طلب کرلی 
اسلام آباد (آئی ا ین پی ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں وزارت داخلہ حکام نے بتایا ہے کہ برما اور کمبوڈیا کے جنگلات میں 10ہزار پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں ،جس پرقائمہ کمیٹی نے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سے رپورٹ طلب کرلی۔ منگل کو صاحبزادہ حامد رضا کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں حکام وزارت داخلہ بتایا کہ ہمیں کوالالمپور سے اطلاع ملی ہے کہ برما اور کمبوڈیا کے جنگلات میں 10ہزار پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق نے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سے رپورٹ طلب کرلی۔ایف آئی اے حکام نے کمیٹی کو دوران بریفنگ بتایا کہ اس سال کشتی کے3حادثات ہوئے، ہم نے ایف آئی اے کے 12افسران کیخلاف مقدمات درج کیے، 4 افسران کیخلاف بھی محکمانہ کارروائی کی گئی۔ ہیومن سمگلنگ روکنے کے لیے کافی اقدامات کیے گئے ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق ایجنٹس کے ایسے اکائونٹس منجمد کیے جو رشتہ داروں کے نام پر تھے، اب ہم یورپی یونین  اور دوسرے ممالک سے رابطے میں ہیں، یہ سب کارروائیاں ہیومن سمگلنگ روکنے کی کوششیں ہیں۔چیئرمین کمیٹی صاحبزادہ حامدرضا نے کہا کہ سوشل میڈیا پرشادی بیاہ کی ویڈیوز وائرل ہوتی ہیں، باہرسے لوگ شادیاں کرنے آتے ہیں ڈالرز،پائونڈزکی بارش کی جاتی ہے، یہ ویڈیوز ہمارے معاشرے میں زیادہ مایوسی پھیلا رہی ہیں، جس پر ایف آئی اے حکام نے کہا کہ اگرکوئی شادی اورپیسوں کی ویڈیواپ لوڈ کرے تو قانونا ہم کچھ نہیں کرسکتے۔