ایران میں پھنسے پاکستانی موبائل فون چارج رکھیں، ایگزٹ پرمٹ مہر لازمی لگوائیں: پاکستانی سفیر

تہران (خصوصی رپورٹ )ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل مرحلہ وار جاری ہے۔ ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے اس سلسلے میں اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے وطن واپس جانے والے پاکستانی تمام سفارتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔پاکستانی سفیر نے ہدایت کی کہ وطن واپسی سے قبل پاسپورٹ پر ایگزٹ پرمٹ کی مہر کا اندراج لازمی کروایا جائے تاکہ کسی بھی قانونی یا امیگریشن رکاوٹ سے بچا جا سکے۔مدثر ٹیپو نے مزید کہا کہ تمام شہری مقررہ وقت پر سرحدی کراسنگ پوائنٹس پر بروقت پہنچنے کو یقینی بنائیں تاکہ واپسی کا عمل منظم انداز میں مکمل ہو سکے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جو پاکستانی شہری ایران سے تیسرے ملک کا سفر کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے ویزا کا ہونا ضروری ہے۔سفیر مدثر ٹیپو نے مشورہ دیا کہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی شہری اپنے موبائل فون ہر وقت چارج رکھیں اور سفارتی رابطوں کیلئے دستیاب رہیں تاکہ ہنگامی صورت میں فوری رہنمائی فراہم کی جا سکے۔