پاکستان اور بھارت دیرینہ مسائل کا مستقل حل نکالیں: ایرانی سفارتکار

ایرانی حکومت خطے کی صورتحال کو مانیٹر کررہی ہے ،امید ہے اس میں بتدریج بہتری آئے گی،سبکدوش قونصل جنرل
پاک بھارت تعلقات معمول پر لانے کیلئے ایران سے جو ممکن ہوا وہ اقدام کیا جائیگا، حسن نوریان کی وطن روانگی پرگفتگو
کراچی (آئی این پی )کراچی میں ایران کے سبکدوش قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کو چاہیے کہ وہ جنوب ایشیا میں طویل البنیاد امن اور علاقائی استحکام کیلئے کام کریں اور دیرینہ مسائل کا مستقل حل نکالیں۔کراچی میں ڈپلومیٹک کور کے ڈین کا کردار ادا کرنے والے حسن نوریان نے یہ بات بطور قونصل جنرل سبکدوش ہو کر وطن روانگی کے موقع گفتگو کرتے کہی۔پاک بھارت سخت کشیدگی کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورہ پاکستان اور بھارت کا حوالہ دیتے ہوئے حسن نوریان نے کہا کہ ایران حکومت بھی اس صورتحال کو قریب سے مانیٹر کررہی ہے اور امید ظاہر کی کہ صورتحال میں بتدریج بہتری آئے گی۔پاکستان اور بھارت سے تاریخی، ثقافتی اور تجارتی رشتوں کے پس منظر میں حسن نوریان نے کہا کہ ایران اس بات کا متحمل ہی نہیں ہوسکتا کہ اس صورتحال سے صرف نظر کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی نکتہ سب سے پہلے پڑوسی اور پھر مسلم ممالک سے اچھے تعلقات کا قیام ہے۔اس لیے پاک بھارت تعلقات معمول پر لانے کیلئے ایران سے جو ممکن ہوا وہ اقدام کیا جائیگا۔