مشکلات نئی نہیں، ملک کو مسائل سے نکالیں گے، آپ سے بھی کہتا ہوں گھبرانے کی ضرورت نہیں، ان سب کو میں دیکھ لوں گا،ہم نے پاکستان کو بچانا ہے:صدرمملکت

بانی پی ٹی تو بہانہ‘نشانہ  ایٹمی پروگرام ہے:بلاول بھٹو سپر پاور اللہ!کوئی کچھ نہیں بگاڑسکتا آصف زرداری

ہم نے 45 سالہ بعد بھٹو  کا فیصلہ ریورس کرواکر ثابت کردیا  وہ  ایک عدالتی قتل تھا،  اب اسے عدالتی قتل ہی سمجھا جائے گا‘آج میں دوبارہ صدر ہوں تو یہ آپ کی دعائیں، بی بی کی دعائیں اور پارٹی کی طاقت ہے:صدر
ہم سلیکٹڈ ہیں نہ فارم47والے‘ملک پراقتدار کیلئے قومی سلامتی پر سودا کرنے والی کٹھ پتلیوں کو مسلط کردیا گیا، بین الاقوامی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اتفاق رائے سے فیصلے کرنا ہونگے:بلاول بھٹوکا بینظیر کی برسی پر جلسہ سے خطاب

گڑھی خدابخش (آئی این پی‘مانیٹرنگ  ڈیسک)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے سیاسی کٹھ پتلیاں ملک کے ایٹمی اثانوں پر سودا کرنے کو تیار ہوتی ہیں،   اس وقت امریکہ  سے بیانات آرہے ہیں، عمران بہانہ ہے میزائل پروگرام نشانہ ہے، بین الاقوامی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اتفاق رائے سے فیصلے کرنے ہوں گے ۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی بی شہید نے 30 سال تک سیاسی جدوجہد کی،وہ اس ملک کی عوام کی حقیقی نمائندہ تھی، وہ ملک کی عوام کے خاطر جدوجہد کرتی رہی اور  آخری دم تک لڑتی رہی۔بلاول بھٹو  نے کہا کہ جن لوگوں نے بی بی کو شہید کیا ان کی غلط فہمی تھی کہ جب وہ موجود نہیں ہوں گی تو پاکستان کی تمام حقیقی  آوازیں ہمیشہ کے لئے  دب جائیں گی اور ملک میں صرف سیاسی کٹھ پتلیاں ہوں گی، ایسے لوگ تمام ملکی مفاد کو دور رکھ کر ہر قسم کی سودے بازی کے لیے تیار ہوتے ہیں اور ان کو صرف اسلام  آباد میں کرسی پر بیٹھنے کا شوق ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دوراہے پر کھڑا ہے، ملک کو ہر قسم کے مسائل کا سامنا ہے جس میں مستقبل میں اندرونی اور بیرونی امتحان  آنے والے ہیں، ان تمام مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی سیاسی جماعتیں ان کو ملکر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا، کسی ایک سیاسی جماعت کے پاس نہ وہ مینڈیٹ اور طاقت ہے کہ وہ ایک وقت میں ملک کے تمام مسائل کا مقابلہ کرسکیں، پاکستان پیپلز پارٹی ملکی سیاسی صورتحال میں وہ واحد جماعت ہے جو نہ سیلکٹڈ ہے اور نہ فارم 47 والی ہے، ہم جوابدہ ہیں تو ملک کی عوام اور پیپلز پارٹی کے جیالوں کو جوابدہ ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ  جب حکومت سازی کا وقت تھا تو ہمارا کسی کرسی یا وزارت کا شوق نہیں تھا، اس وقت فیصلہ کیا تھا کہ جو سیاسی جماعت ہمارے پاس آئی ہے اور سیاسی استحکام، مہنگائی میں کمی کا وعدہ کر رہی ہے ہم اس کا ساتھ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم نے ایک معاہدے پر دستخط کیا کہ  آپ کو اپنے ووٹ تو دلوارہے ہیں لیکن ایسے نہ ہو کہ  آپ ووٹ لے کر  آنکھیں پھیر لیں، ایسا نہ ہو جیسا ماضی میں ایک سیاست دان نے  آپ کے بارے میں کہا تھا کہ جب مشکل میں ہو تو یہ پیر پکڑتے ہو اور جب اس سے نکل جائیں تو گلہ پکڑتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا  کہ طے ہوا تھا کہ ملک کے پی ایس ٹی پی، وفاق کے چاروں صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں کو اتفاق رائے سے بنائیں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ہر مسلم لیگ کی حکومت میں سوتیلا سلوک کا سامنا کرنے والے پسماندہ علاقوں پر توجہ دی جاسکے۔ دریں اثناء  صدر آصف علی زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے اگر کوئی سپرپاور ہے تو اللہ تعالی ہی سپرپاور ہے، مشکلات ہیں مگر میرے لیے نئی نہیں ہیں، مشکلات سے پاکستان کونکالیں گے۔   اگرآج میں دوبارہ صدر ہوں تو یہ آپ کی دعائیں، بی بی کی دعائیں، اور پارٹی کی طاقت ہے۔  انہوں نے کہا کہ  ہم نے 45 سالہ بعد بھٹو صاحب کا فیصلہ ریورس کرواکر ثابت کردیا کہ وہ  ایک عدالتی قتل تھا، اور اب اسے عدالتی قتل ہی سمجھا جائے گا۔  صدرمملکت نے کہا کہ  ہم نے گڑھی خدا بخش کی دھرتی کی قسم کھائی ہوئی ہے  ہم جو بھی کام کریں گے اس  کے لیے عوام کو اور اس دھرتی کو جواب دہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ہم نے پاکستان کو بچانا ہے، اگر کوئی  سپرپاور ہے تو اللہ تعالی ہی سپرپاور ہے، جس پر ہم یقین رکھتے ہیں۔ اور انشااللہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور آپ کی دعاں سے ہم ان مشکل حالات سے پاکستان کو نکالیں گے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ کو خوش خبریاں دیں گے۔ یہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، ہم ہر چیز کو سنبھالیں گے اور ہرچیز کو ٹھیک رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہاں مشکلیں ہیں، تکالیف ہیں مگر یہ میرے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے، آپ سے بھی کہتا ہوں کہ کوئی پروا کرنے کی ضرورت نہیں، ان سب (مشکلات سے)کو میں دیکھ لوں گا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ نہ آپ کا پانی کہیں جائے گا، نہ آپ کی گیس کہیں جائے گی، سب آپ کو ملے گا،  جو آپ کا حق ہے، جو دوسرے صوبے کا حق ہیوہ ان کو ملے گا۔ خطاب کے آخر میں صدرمملکت کے نے کہا کہ دنیا بدل رہی ہے جدید چیزیں ہورہی ہیں، مگر وہ سب انسان کو، آپ کو اور پارٹی کو فائدہ دیں گی۔