حیدرآباد کنگز مین کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ ان کا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے کوئی مسئلہ نہیں اور ٹیسٹ ٹیم کے کوچ کا عہدہ بھی خوش اسلوبی سے ختم ہوا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جیسن گلیسپی نے کہا کہ ٹیم کی پی ایس ایل کے لیے تیاری اچھی جا رہی ہے اور کھلاڑیوں کی محنت قابل تعریف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے ساتھ اکٹھا ہونے کی ٹائمنگ بھی مناسب رہی اور تمام کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی ہے۔انہوں نے پی ایس ایل کے انعقاد پر پی سی بی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ گلیسپی نے امید ظاہر کی کہ آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل جلد ٹیم کو جوائن کریں گے، تاہم ان کی آمد کے بارے میں ابھی حتمی تاریخ نہیں بتائی جا سکتی۔انہوں نے نوجوان بیٹر صائم ایوب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور امید ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ جبکہ معاذ صداقت ٹریننگ کر رہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ اگلے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
گلیسپی کے مطابق ٹیم کوئٹہ کے خلاف میچ میں بہترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کی کوشش کرے گی، تاہم ٹیم کمبی نیشن بنانے میں کچھ وقت لگتا ہے۔انہوں نے کرکٹ کے مختلف فارمیٹس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کل بہت سے باؤلرز اپنے کیریئر کو طویل بنانے کے لیے ٹیسٹ کے بجائے شارٹ فارمیٹ کو ترجیح دے رہے ہیں، جبکہ کچھ کھلاڑی اس کے برعکس ٹیسٹ کرکٹ کو اہمیت دیتے ہیں۔جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلرز کے لیے تینوں فارمیٹس کھیلنا اب مشکل ہوتا جا رہا ہے، اس لیے کھلاڑیوں، بورڈ، کوچز اور فرنچائزز کے درمیان بہتر رابطہ ہونا چاہیے تاکہ اس مسئلے کا مناسب حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں روایتی ٹیسٹ کرکٹ اب بھی بہت پسند ہے۔